فائر فائٹرز کی اہمیت سے متعلق عوامی آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے، مریم نواز

 پنجاب میں ریسکیو فائر فائٹنگ کے لیے جدید ٹیکنالوجی ، فائر فائٹرز کو بہترین حفاظتی آلات، اسنارکل، جدید گاڑیاں فراہم کی جا رہی ہیں
 صوبے کے عوام کو سستی اور معیاری اشیا کی فراہمی کا عہد ہر صورت نبھائیں گے، سہولت بازار میںسبزیاں اور پھل ملنے سے عوام کو ریلیف ملے گا،مریم نواز
لاہور( سپیشل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ فائر فائٹرز کی اہمیت سے متعلق عوامی آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیراعلی مریم نواز نے عالمی یوم فائر فائٹرز کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں فائر فائٹرز کی خدمات، فرض شناسی اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اپنے بیان میں وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ فائر فائٹرز اپنی جانیں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے قربان کر دیتے ہیں اور ہر وقت خطرات کے باوجود اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں، فائر فائٹرز کی اہمیت سے متعلق عوامی آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کئی بڑے حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کو بچایا۔ انہوں نے لبرٹی چوک میں ایک بڑی عمارت میں لگنے والی خوفناک آتشزدگی اور گلبرگ کے ایک ہوٹل میں لگنے والی آگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان واقعات میں 180 سے زائد افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا، جو ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔وزیراعلی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ریسکیو فائر فائٹنگ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ فائر فائٹرز کو بہترین حفاظتی آلات، اسنارکل اور جدید گاڑیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بڑی عمارتوں اور مارکیٹوں میں فائر ہائیڈرنٹس کی دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے، جبکہ رہائشی عمارتوں میں آتشزدگی سے بچا کے لیے فائر ایکسٹینگشرز کی باقاعدہ چیکنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں 27 نئے سہولت بازاروں کی تکمیل کیلئے جولائی کا ہدف دے دیا۔پنجاب کے مختلف اضلاع میں 13 سہولت آن دی گو بازار بھی قائم ہوں گے، 27 نئے سہولت بازاروں میں 1300 نئے بزنس شروع ہوں گے، 600 سے زائد افراد کے لئے براہ راست ملازمت کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔نئے سہولت بازار بننے سے سالانہ 9 کروڑ سے زائد شہری مستفید ہو سکیں گے، نئے سہولت بازار میں اوپن مارکیٹ سے 40 فیصد اور ڈی سی ریٹ سے 18 فیصد کم نرخ پر سبزیاں اور پھل وغیرہ دستیاب ہوں گے، نئے سہولت بازاروں کے قیام سے ساڑھے 8 لاکھ سے زائد گھرانوں کو 5 ارب 30 کروڑ روپے کی بچت ہوگی۔نئے سہولت بازار بننے سے مقامی سپلائی چینج اور کاروبار کو فروغ ملے گا، دکانداروں کی سیل میں 24 فیصد اور منافع میں 23 فیصد متوقع ہے، سہولت بازاروں میں دکانداروں کو مفت بجلی، صفائی اور سکیورٹی سروسز کی مد میں تقریبا 35 کروڑ روپے کی سالانہ بچت ہوگی