قصور، شیخوپورہ، لیہ اور تلہ گنگ وغیرہ میں موسم مرچ کی پیداوار کیلئے انتہائی موزوں
فیصل آباد(آ ئی این پی)ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے ماہرین سبزیات نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نومبر کاشتہ مرچ کی اگیتی پنیری کی کھیتوں میں منتقلی شروع کردیں کیونکہ پنجاب کے اضلاع اوکاڑہ،بہاول نگر،رحیم یار خاں، بہاول پور، ٹوبہ ٹیک سنگھ،گوجرانوالہ،قصور، شیخوپورہ، لیہ اور تلہ گنگ وغیرہ میں موجودہ موسم مرچ کی شاندار پیداوار کیلئے انتہائی موزوں ہے اور جب کہرو دھند کی شدت میں کچھ کمی آجائے تومرچ کی پنیری کی منتقلی سے اچھی پیداوار کا حصول ممکن بنایا جاسکتاہے۔انہوں نے بتایاکہ مرچ پنجاب کی ایک اہم مصالحہ دار سبزی ہے جس میں حیاتین،معدنی نمکیات، نشاستہ اور طاقت کی اکائیاں پائی جاتی ہیں نیزمرچ پاکستان میں سارا سال ملتی رہتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ پنجاب کے اضلاع اوکاڑہ،بہاول نگر،رحیم یار خاں، بہاول پور، ٹوبہ ٹیک سنگھ،گوجرانوالہ،قصور، شیخوپورہ، لیہ اور تلہ گنگ میں 19ہزارایکڑ سے زائد رقبہ پر اس کی کاشت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار مرچ کی نرسری کی منتقلی سے پہلے کھیت کواچھی طرح ہموار کریں کیونکہ کھیت کا ہموار ہونا مرچ کے مرجھاؤ جیسی خطر ناک بیماری کے حملہ سے بچاؤ اور اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے بہت مدد گار ثابت ہوتا ہے