سیوریج:جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی تیاری

سیٹلائٹ امیجنگ ٹیکنالوجی منصوبے کا آغاز گوجرانوالہ سے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر کیا جائے گا
لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب حکومت نے صوبے میں سیوریج نظام کی جدید خطوط پر منصوبہ بندی کے لیے سیٹلائٹ امیجنگ ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔اس سلسلے میں سیکرٹری ہائوسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل عمر فاروق اور ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر قیصر رضا نے مجوزہ منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کے تمام شہروں کا جدید سیوریج ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا، جس کے لیے خصوصی ڈرونز، سیٹلائٹ ڈیٹا اور جی آئی ایس ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔بریفنگ کے مطابق منصوبے کا آغاز گوجرانوالہ سے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر کیا جائے گا، جبکہ اس کے نتائج کی بنیاد پر اسے دیگر اضلاع تک مرحلہ وار توسیع دی جائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ جدید نقشہ سازی کے ذریعے ڈرینج نیٹ ورک، آبی گزرگاہوں اور نکاسی آب کے راستوں کی درست مانیٹرنگ ممکن ہو سکے گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبہ ممکنہ سیلابی صورتحال، اربن فلڈنگ، واٹر مینجمنٹ اور سیوریج نظام سے متعلق بروقت اور مو ثر فیصلہ سازی میں بھی معاون ثابت ہوگا۔سیکرٹری ہاو سنگ نورالامین مینگل نے ہدایت کی کہ پنجاب واسا میں خصوصی جی آئی ایس سیل قائم کیا جائے تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو مستقل بنیادوں پر فروغ دیا جا سکے۔