فنڈز کی بروقت فراہمی سے منصوبے کی تکمیل مزید تیز ہوگی‘ سیکرٹری ہائوسنگ
لاہور ( کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے تحت صوبے کے شدید متاثرہ علاقوں کے سیوریج نظام کی بحالی اور بہتری کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں سب سے پہلے شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور گجرات میں سیوریج نظام کی تشکیل اور بحالی کے اقدامات کیے جائیں گے۔اجلاس کی صدارت سیکرٹری ہائوسنگ نورالامین مینگل نے کی، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ ترجمان محکمہ ہائوسنگ کے مطابق صوبے بھر کے شدید متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کے لیے ڈی جی پنجاب واسا کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، تاکہ ان علاقوں کی مکمل رپورٹ سیکرٹری ہائوسنگ کو پیش کی جا سکے۔ترجمان محکمہ ہائوسنگ کے مطابق منصوبے پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کرنے کے لیے فنڈز کی منظوری حاصل کی جائے گی، جبکہ اس حوالے سے سمری وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے لیے ارسال کر دی گئی ہے۔ترجمان محکمہ ہائوسنگ کے مطابق صوبے میں نئی واسا ایجنسیوں کی تشکیل کا عمل بھی جاری ہے، جس سے سیوریج کے نظام میں مزید بہتری آئے گی اور عوام کو ریلیف فراہم ہوگا۔