ریجن سی کے ای ٹی اوزاورانسپکٹرز نے جعلی شناختی کارڈز پر گاڑیاں ٹرانسفرکیں
6رکنی کمیٹی کی ایک سال بعد حتمی رپورٹ جمع ،ملزموں کے بیانات قلمبندہونگے
لاہور(خصوصی رپورٹ )اے ڈی آر (ایڈ رپریزینٹیشن )سکینڈل کی ابتدائی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد لاہور ریجن سی کے متعدد افسروں اور ملازمین کو چارج شیٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق چھ رکنی انکوائری کمیٹی نے تقریباً ایک سال بعد اپنی حتمی رپورٹ جمع کرادی ہے، جس کے بعد ڈائریکٹر ریجن سی نے ای ٹی او آفیسرز اور متعلقہ انسپکٹرز کو چارج شیٹ کرنے کی منظوری دے دی۔سال 2024 میں یہ سکینڈل سامنے آیا تھا جس میں ملوث افسروں اور ملازمین پر الزام تھا کہ انہوں نے جعلی شناختی کارڈز کے ذریعے سینکڑوں گاڑیاں ٹرانسفر کیں، تحقیقات کے دوران یہ ثابت ہوا کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے عمل میں فیک شناختی کارڈز کا استعمال کیا گیا۔چارج شیٹ جاری ہونے کے بعد ملوث افسروں اور ملازمین کے بیانات قلم بند کئے جائیں گے، جس کے بعد قواعد کے مطابق سزا دی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق سکینڈل میں منظر خالد ،ناظم اسد ،نذیر بھٹی ،رضاوٹو ،جہانگیر وٹو اورخالدبشیر سمیت 6انسپکٹرز ملوث ہیں۔محکمانہ ذرائع کے مطابق اس معاملے میں عدم برداشت کی پالیسی کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔