پی ٹی آئی بانی مکمل فٹ قرار

ڈاکٹروں کی4رکنی ٹیم ایک گھنٹہ جیل رہی ، کانوں میں سیٹیاں بجنے کی شکایت پر تفصیلی معائنہ کیا گیا 
راولپنڈی ، اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ کیا گیا ، ڈاکٹروں نے مکمل فٹ قرار دیدیا۔پمز اسلام آباد کی 4 رکنی ٹیم ڈاکٹر الطاف حسن، ڈاکٹر عمر فاروق، ڈاکٹر علی عارف اور ڈاکٹر تاشفین امتیاز پر مشتمل تھی ، معائنے کے لئے ایک گھنٹہ جیل میں رہی اور سابق وزیراعظم کے کانوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ مختلف ٹیسٹ بھی کئے گئے ،بانی پی ٹی آئی کو انفیکشن سے کانوں میں سیٹیاں بجنے کی شکایت ہے۔ میڈیکل ٹیم رپورٹ تیار کر کے جیل حکام کو دے گی۔ علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی شیڈول کے مطابق جمعرات کو پارٹی رہنماوٓں سے ملاقات نہ کروانے پر درج توہین عدالت درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیئے اس درخواست پر باضابطہ آرڈر جاری کریں گے۔جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان کی عدالت نے صالح محمد سواتی کیخلاف بانی پی ٹی آئی کی نااہلی پر الیکشن کمیشن کیخلاف احتجاج کے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران صالح محمد سواتی سواتی کیجانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔