لاہور بریج آتشزدگی کی تحقیقات،سی بی ڈی پر ذمہ داری

سی بی ڈی کی طرف سے منصوبہ ادھورا ، ایچ ڈی پی ای پائپ نشیئوں کی آماجگاہ 
لاہور (کرائم رپورٹر) فیروز پور روڈ پر نئے بننے والے لاہور بریج میں لگنے والی آگ سے پل کا حصہ خاصا متاثر ہوگیا۔29 جنوری کی درمیانی شب لگنے والی آگ کی وجوہات کی تحقیقات مکمل کر لی گئیں۔ ایل ڈی اے حکام کے مطابق لاہور بریج پر آگ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کی مبینہ نااہلی کی وجہ سے لگی تاہم سٹرکچر متاثر ہونے کی وجہ سے پل کو عارضی طور پر ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔تفصیل کے مطابق ایل ڈی اے نے لاہور بریج کے نیچے لگنے والی آگ کی ذمہ داری سی بی ڈی پنجاب پر ڈال دی۔چیف انجینئر ایل ڈی اے نے آگ لگنے کے معاملے پر سی ای او سی بی ڈی کو مراسلہ لکھ دیا۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سی بی ڈی پنجاب کی طرف سے لاہور بریج کے نیچے سیوریج لائن ڈالی جارہی ہے،منصوبہ مکمل کرنے کے بجائے ادھورا چھوڑ دیا گیا۔ 43 میٹر طویل ایچ ڈی پی ای پائپ نشیئوں کی آماجگاہ بن گیا۔ اسی لاوارث چھوڑے گئے پائپ میں آگ لگ گئی جس سے پل کے سٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔ نیسپاک کی طرف سے لاہور بریج میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔ ایل ڈی اے کی طرف سے بارہا کہنے کے باوجود سی بی ڈی نے پائپ کو نظر انداز کیا۔ایل ڈی اے نے لاہور بریج کے سٹرکچر کی مرمت پر آنے والی لاگت کا سی بی ڈی سے مطالبہ کر دیا۔