پولیس موبائل پر بم دھماکے کے بعد لاہور میں سکیورٹی ہائی الرٹ

لاہور (کرائم رپورٹر)ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر بم دھماکے کے بعد لاہور میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہر بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر موجود ناکوں پر چیکنگ بڑھا دی گئی ہے جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز نے فیلڈ میں تعینات تمام جوانوں کو الرٹ رہتے ہوئے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں اور افراد کی باریک بینی سے جانچ کی جائے۔ڈی آئی جی فیصل کامران نے حساس تنصیبات، عوامی مقامات اور اہم  مارکیٹس کے اطراف بھی اضافی نفری تعینات کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، جبکہ شہر میں پولیس گشت اور پٹرولنگ میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ڈولفن فورس، پیرو اور پی آر یو ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رہنے  کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے تمام ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو فیلڈ میں موجود رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس شہریوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت چوکس ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں، کیونکہ شہریوں کا تعاون ہی سکیورٹی اقدامات کو کامیاب بناتا ہے۔