بی آئی ایس پی میںمعذور افراد کی شمولیت کیلئے پی ایم ٹی اسکور37 مقرر

 بلا تفریق تمام معذور افراد کی بہتری کیلیے اقدامات جاری رکھیں گے: سینیٹر روبینہ خالد 
اسلام آباد (آئی این پی )چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ معذور  افراد ہمارے معاشرے کا قابل احترام اور اہم حصہ ہیں، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع تک مساوی رسائی ہر معذور فرد کا بنیادی حق ہے۔،بی آئی ایس پی ترجیحی بنیادوں پر معذور افراد کی فلاح، معاونت اور معاشی شمولیت کیلئے سرگرم ہے، ان افراد کیلئے باعزت اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہمارا سماجی و اخلاقی فرض ہے۔معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں  انہوں نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی نے معذور افراد کی پروگرام میں شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے پی ایم ٹی اسکور کی حد کو 32 سے بڑھا کر 37 کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ آئندہ بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پلیٹ فارم سے بلا تفریق ملک کے تمام معذور افراد کی بہتری کیلیے اقدامات جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ایک سماجی فلاحی پروگرام ہے جو غریب اور مستحق خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرتا  ہے۔پروگرام کا مقصد غربت کم کرنا، معاشی استحکام دینا اور خواتین کو مالی طور پر بااختیار بنانا ہے، اس کے تحت اہل خاندانوں کو باقاعدگی سے نقد امداد دی جاتی ہے۔