پنجاب میں آج سے سکول سوا8 بجے کے بعد کھلیں گے‘ نوٹیفکیشن جاری

لاہور(سپیشل رپورٹر) پنجاب میں سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کردی گئی، صبح 8 بج کر15منٹ سے پہلے سکول کھولنے پر پابندی ہوگی۔ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ،سکول اوقات میں تبدیلی فوری نافذ العمل ہوگی‘نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری و نجی سکول 4 دسمبر 2024 سے صبح سوا آٹھ بجے  کے بعد کھولنے کے پابند ہوں گے، ماحولیاتی تحفظ ایکٹ 1997 کے تحت جاری کیا گیا، خلاف ورزی کرنے والے سکولز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی ماحولیات عمران حامد شیخ کے نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا کہ خلاف ورزی پر جرمانے اور سزا کا اطلاق ہو گا، ماحولیات ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لیے یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔ سکول ایجوکیشن اور سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹس کو احکامات پر عمل درآمد کا پابند بنایا گیا،تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کردیں اور فیصلے پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔