نوکری کا جھانسہ دے کر خاتون سے زیادتی، ملزم گرفتار

 کوٹ لکھپت پولیس نے دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کر دیے 
 لاہور (کرائم رپورٹر) کوٹ لکھپت پولیس نے نوکری دلوانے کا جھانسہ دے کر شادی شدہ خاتون سے مبینہ زیادتی کے واقعے میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ دوسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔ ایس پی ماڈل ٹا ئون اسد علی کے مطابق ملزم ذیشان نے خاتون کو فیکٹری میں کام دلوانے کے بہانے چونگی اسٹاپ پر بلایا اور مختلف مقامات پر گھمانے کے بعد غلام بھٹی کالونی میں واقع اپنے ساتھی کے گھر لے گیا، جہاں دونوں ملزمان نے مبینہ طور پر خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق ملزمان بعدازاں خاتون کو ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ گرفتار ملزم کی شناخت وسیم کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دوسرے ملزم ذیشان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایس پی ماڈل ٹا ئون کا کہنا ہے کہ خواتین کا استحصال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔