ماتحت ملازمین سے نامناسب رویے کا نوٹس ،، ڈی آئی جی آپریشنز 84 ایس ایچ اوز کے رویوں کا جائزہ لینے کا حکم
لاہور (کرائم رپورٹر) ماتحت پولیس ملازمین سے بدسلوکی اور گالم گلوچ کرنے والے افسران خبردار ہو جائیں، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے شہر کے 84 تھانوں میں ایس ایچ اوز کے رویوں کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی آپریشن کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانوں میں ایس ایچ اوز کے ناروا رویوں سے متعلق شکایات سامنے آنے پر پولیس اہلکار کھلی کچہری میں پیش ہوئے اور گالم گلوچ سمیت بدسلوکی کی شکایات درج کرائیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ماتحت عملے سے نامناسب برتائو کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کا معاون عملہ فورس کا چہرہ ہے اور اس کی عزتِ نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پولیس ملازمین کے ساتھ اچھا برتائو کیا جائے گا تو شہریوں کو بھی بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔ کھلی کچہری میں سود، کرایہ داری، مکان گروی رکھنے، لین دین میں فراڈ اور لڑائی جھگڑوں سے متعلق شکایات بھی موصول ہوئیں، جن پر متعلقہ ایس ایچ اوز کو کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے مزید کہا کہ خواتین اور بچوں سے زیادتی سمیت دیگر جرائم میں ملوث عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا اور لاہور میں بدمعاشی کلچر کی کوئی گنجائش نہیں۔