لاہور میں ٹریفک جام کی شکایات میں 25 فیصد کمی

لاہور میں ٹریفک جام کی شکایات میں 25 فیصد کمی

لاہور میں ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے کی جانے والی مؤثر حکمت عملی کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے، شہر میں ٹریفک جام کی شکایات میں 25 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور کے مطابق اکتوبر کے دوران ٹریفک جام سے متعلق پولیس ہیلپ لائن 15 پر موصول ہونے والی کالز کی تعداد میں 25 فیصد کمی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگست اور ستمبر کے دوران شہر میں ٹریفک کے دباؤ اور رش والے مقامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد نئی حکمت عملی مرتب کی گئی تھی۔سی ٹی او کے مطابق اکتوبر میں شہر کی مرکزی شاہراہوں اور ٹریفک کے دباؤ والے مقامات پر خصوصی کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران 16 ہزار گاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔

اس کے علاوہ غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز قائم کرنے اور سڑکوں کی بندش کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے 180 مقدمات درج کروائے گئے۔سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ ٹریفک کے دباؤ والے مقامات پر ٹارگٹڈ آپریشنز کے باعث ٹریفک کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات مؤثر ثابت ہو رہے ہیں۔