ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنی 61ویں سالگرہ کے موقع پر مداحوں کو اپنی آنے والی فلم ’کنگ‘ کا نیا گانا ’تو مل جائے‘ ریلیز کرکے خصوصی تحفہ دے دیا۔ گانے میں شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کی رومانوی کیمسٹری نے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان نے 2 نومبر کو اپنی سالگرہ کے موقع پر فلم ’کنگ‘ کا گانا جاری کیا، جس میں محبت، جذبات اور ایکشن کے امتزاج کو پیش کیا گیا ہے۔ گانے کو معروف گلوکار اریجیت سنگھ اور ایڈ شیرن کی آوازوں سے منسوب کیا گیا ہے، جبکہ اس کی موسیقی اور فلم کے مناظر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں۔شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر ہر سال کی طرح ہزاروں مداح ممبئی میں ان کی رہائش گاہ منت کے باہر جمع ہوئے، تاہم اس مرتبہ اداکار روایتی انداز میں آدھی رات کو بالکونی میں آ کر مداحوں کو مبارک باد نہ دے سکے۔شاہ رخ خان نے مداحوں کی محبت کا جواب ہاتھ سے لکھے گئے خصوصی پیغام کے ذریعے دیا اور سالگرہ کی مبارک باد دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔فلم ’کنگ‘ کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں اور فلم کی ریلیز 24 دسمبر 2026 کے لیے شیڈول بتائی گئی ہے۔ فلم کے حوالے سے مداحوں میں پہلے ہی خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔