شاہ رخ خان آج اپنی 61ویں سالگرہ منائیں گے

فلم ’’کنگ‘‘کی شوٹنگ کے باعث بالی ووڈ سپرسٹار لندن میں منائیں گے
ممبئی (شوبز ڈیسک)بولی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی سالگرہ ہر سال ان کے مداحوں کے لیے کسی تہوار سے کم نہیں ہوتی، جب ہزاروں کی تعداد میں لوگ اپنے پسندیدہ اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ان کی رہائش گاہ منت کے باہر یا ممبئی میں منعقد کی جانے والی خاص تقاریب میں جمع ہوتے ہیں۔ تاہم اس بار یہ روایت برقرار رہنا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔اداکارشاہ رخ خان(آج) 2 نومبر کو اپنی 61ویں سالگرہ منائیں گے، تاہم اطلاعات کے مطابق وہ اس موقع پر ممبئی میں موجود نہیں ہوں گے اور مداحوں سے روایتی ملاقات بھی نہیں کر سکیں گے۔شاہ رخ خان ان دنوں فلم’’ کنگ‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اپنی نئی فلم کنگ کی شوٹنگ کے سلسلے میں لندن میں ہوں گے، جہاں ان کی سالگرہ کے دن ایک گانے کی شوٹنگ طے کی گئی ہے۔اس سے قبل وہ ممبئی میں بھی اداکارہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ ایک گانے کی شوٹنگ مکمل کر چکے ہیں اور اب ٹیم کے ساتھ اگلے شیڈول کے لیے بیرون ملک روانہ ہو رہے ہیں۔گزشتہ دو سالوں سے شاہ رخ خان اپنی رہائش گاہ منت پر مرمتی کام کی وجہ سے بالکونی سے مداحوں کا سامنا نہیں کر پا رہے تھے، بلکہ ان کی جگہ ممبئی کے ایک ہال میں خاص پرستاروں کے لیے ایک تقریب سجائی جاتی تھی جہاں وہ مداحوں سے گفتگو کرتے اور ان کے سوالات کے جوابات دیتے تھے۔ اس سال بیرون ملک شوٹنگ کی مصروفیات کی وجہ سے یہ سلسلہ بھی معطل رہے گا۔