اسلام آباد ( آن لائن) وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی ایٹ ٹو میں الیکٹرک بس اور موٹرسائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو سالہ بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ حادثے کے بعد موقع پر موجود افراد مشتعل ہوگئے اور انہوں نے الیکٹرک بس کے شیشے توڑ دیے، جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔پولیس کے مطابق ٹریفک حادثہ تھانہ کراچی کمپنی کی حدود میں ابنِ سینا روڈ پر پیش آیا، جہاں ایک الیکٹرک بس نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی۔ تصادم کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار دو سالہ بچہ شدید زخمی ہوگیا، جسے تشویشناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔حادثے کے بعد موقع پر موجود افراد میں شدید اشتعال پھیل گیا اور مشتعل افراد نے الیکٹرک بس کے شیشے توڑ دیے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں کیا۔پولیس حکام کے مطابق بس کے ڈرائیور کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات جاری ہیں