یہ عمارتیں، یہ قانون ایک جھانسہ ، اگریہ سب مل کر ایک قیدی تک رسائی نہیں دلواسکتے تو کیا فائدہ
لاہور(آئی این پی ) پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ملک سے باہر ہے اور ان پر ہمارا کوئی کنٹرول نہیں ہے،آج عدالتیں بے بس ہیں، جو انصاف بھی نہیں دے سکتیں ۔ لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ علیمہ خان کا غریب ڈرائیور بغیر کسی جرم کے جیل میں پڑا ہے، علیمہ خان اور ان کے ڈرائیور کو پہلے گرفتار کیا گیا، جس کے بعد نظربندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایک ڈرائیور جو مزدوری پر تھا، اسے بھی گرفتار کرلیا گیا۔ آج میں یہ کہنے پر مجبور ہوں کہ عدالتیں ملاقات بھی نہیں کراسکتیں۔ کسی کو بھی کسی وقت اٹھایا جاسکتا ہے اور عدالتیں انصاف فراہم نہیں کرسکتیں، جبکہ انگریز کے بنائے ہوئے کالے قوانین استعمال کرکے شہری آزادیاں سلب کی جا رہی ہیں۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ آج عدالتیں بے بس ہیں، جبکہ اس سے قبل آزاد عدلیہ کے فیصلے موجود ہیں۔ ہم ایک بار پھرعدالت میں انصاف لینے آئے ہیں، آج کہنے پر مجبورہیں کہ یہ عمارتیں، یہ قانون ایک جھانسہ ہے، اگریہ سب مل کر ایک قیدی تک رسائی نہیں دلواسکتے تو ان کاکیا فائدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں بنیادی حقوق ہیں مگر وہ حقوق آج کہاں ہیں، بغیر جرم کے کالے قانون کے تحت بیگناہ بھی مجرم ہیں، ہم عدالتوں میں اس لیے آتے ہیں کہ قوم کو جھنجھوڑتے رہیں، 26 ویں آئینی کے ترمیم کے تحت سب آزادیاں ختم ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم احتجاج کرتے رہیں گے، عوام کو آگاہ کرتے رہیں گے ان کا کہنا تھا کہ جب لوگ باہر نکلتے ہیں تو ان پر گولیاں چلائی جاتی ہیں، تاہم پی ٹی آئی آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی۔ مہنگائی اور بے روزگاری سمیت عوامی مسائل اجاگر کرنا ہر سیاسی جماعت کا فرض ہے۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عوام کے انہی حقوق کے تحفظ کے لیے جیل میں ہیں۔ بطور سیاسی جماعت عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھانا ہمارا فرض ہے اور ہر سیاسی جماعت کو آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔سلمان اکرم نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بغیر 28 ویں ترمیم سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کرسکتے جب کہ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا ملک سے باہر ہے، ان سے ہمارا رابطہ ہے اور نا ہی ان پر ہمارا کوئی کنٹرول ہے۔