کراچی: مختلف علاقوں میں گولیاں لگنے سے 3 افراد زخمی

کراچی: مختلف علاقوں میں گولیاں لگنے سے 3 افراد زخمی

کراچی کے مختلف علاقوں میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولیوں کے حملوں میں 3 افراد زخمی ہوگئے ہیں، جنہیں فوری طور پر اسپتالوں میں منتقل کر کے طبی امداد دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او ملیر سٹی انسپکٹر اخلاق نے بتایا کہ ملیر سٹی کے امام بارگاہ کے قریب کھوکھراپار میں ایک شخص پر نامعلوم سمت سے گولی چلائی گئی، جس سے وہ زخمی ہوگیا۔ زخمی شخص کی شناخت 25 سالہ طالب حیدر کے طور پر ہوئی، جسے فوراً اسپتال منتقل کیا گیا۔ایس ایچ او لانڈھی نے اطلاع دی کہ لانڈھی نمبر ایک جوبلی اسنیک کے قریب ایک اور شخص کو نامعلوم سمت سے گولی لگی۔ زخمی کی شناخت 25 سالہ شیراز کے طور پر کی گئی، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسی طرح ایس ایچ او سچل نے بتایا کہ عباس ٹاؤن امام بارگاہ کے قریب بھی ایک شخص کو نامعلوم سمت سے گولی لگ گئی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔ زخمی کی شناخت 65 سالہ محمد حسن کے طور پر ہوئی، اور اسے بھی فوراً اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے ان تمام واقعات کی تفتیش شروع کردی ہے اور نامعلوم افراد کے خلاف کارروائی کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔