وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت لاہور شہر کو تجاوزات سے پاک بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے۔
ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) کا ریگولیشن اسکواڈ لاہور کے مختلف علاقوں میں کام کر رہا ہے۔ میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن کاشف جلیل کے مطابق اب تک مختلف مارکیٹوں اور علاقوں سے 671 تجاوزات کا خاتمہ کیا جا چکا ہے، اور تجاوزات میں موجود سامان بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔شہر میں بصری آلودگی کے خاتمے کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے گئے ہیں۔ 2,565 غیر قانونی بینرز، فلیکسز اور پوسٹرز ہٹا دیے گئے، جبکہ اہم تجارتی مراکز کے اطراف سے ٹریفک کی روانی میں رکاوٹیں بھی دور کی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ شہر کی اہم شاہراؤں کو مستقل طور پر تجاوزات سے پاک رکھنے کے لیے نگرانی جاری رہے گی اور لاہور کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی شہر میں تجاوزات قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مزید کہا گیا کہ وال چاکنگ، بینرز اور پوسٹرز کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے اور ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے والی ہر رکاوٹ کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔