’’ستھرا پنجاب‘‘ ویژن: لاہور میں انسدادِ تجاوزات آپریشن جاری، 2083 غیر قانونی بینرز اور فلیکسز ہٹائے گئے

’’ستھرا پنجاب‘‘ ویژن: لاہور میں انسدادِ تجاوزات آپریشن جاری، 2083 غیر قانونی بینرز اور فلیکسز ہٹائے گئے

لاہور: وزیراعلیٰ مریم نواز کے "ستھرا پنجاب" ویژن کے تحت لاہور میں انسدادِ تجاوزات آپریشنز جاری ہیں۔

 ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے شہر کو تجاوزات سے پاک بنانے کے لیے متحرک ہیں۔انسدادِ تجاوزات گرینڈ آپریشن کے دوران 336 تجاوزات کا سامان ضبط کیا گیا اور شہر کی بصری آلودگی کم کرنے کے لیے 2083 غیر قانونی بینرز اور فلیکسز ہٹا دیے گئے۔ اس سے شہریوں کے لیے سڑکیں اور فٹ پاتھ کشادہ کیے جا رہے ہیں اور ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی ہے۔

ڈی سی لاہور نے ہدایات جاری کی ہیں کہ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت تجاوزات کے خاتمے میں کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی نگرانی یقینی بنائیں اور سرکاری زمین پر قابض عناصر کے خلاف بلا تفریق قانونی کارروائی کی جائے۔ ہٹائی گئی تجاوزات کو دوبارہ قائم ہونے سے روکا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خاتمے میں کسی بھی قسم کی تفریق نہیں برتی جائے گی اور آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔