نہ بھوت، نہ چڑیل! معروف ماڈل ہالووین پر اپنا ہی ہاتھ بن گئیں

نہ بھوت، نہ چڑیل! معروف ماڈل ہالووین پر اپنا ہی ہاتھ بن گئیں

نیویارک: جرمن سپر ماڈل ہائیڈی کلوم نے ہالووین 2026 کے موقع پر ایک بار پھر اپنے غیر معمولی اور منفرد لباس سے سب کی توجہ حاصل کر لی۔

نیویارک میں منعقدہ اپنی سالانہ ہالووین پارٹی میں وہ دیوہیکل انسانی ہاتھ کا روپ دھار کر پہنچیں، جسے دیکھ کر تقریب میں موجود افراد حیران رہ گئے۔ہائیڈی کلوم نے اس مرتبہ ایسا خصوصی لباس زیب تن کیا جو ان کے اپنے ہاتھ کی ایک بڑی اور حقیقت سے قریب تر نقل تھا۔ اس منفرد لباس میں ہاتھ کی باریک تفصیلات کو اس قدر مہارت سے نمایاں کیا گیا کہ وہ حقیقی انسانی ہاتھ دکھائی دیتا تھا۔فیشن میگزین ’ووگ‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے ہائیڈی کلوم نے بتایا کہ وہ ہر سال ہالووین کے لیے ایسا لباس تیار کرنا چاہتی ہیں جو لوگوں نے پہلے کبھی نہ دیکھا ہو۔ ان کے مطابق دیوہیکل ہاتھ کا روپ اختیار کرنے کا خیال انہیں تقریباً ایک سال پہلے آیا تھا۔اس منفرد لباس کی تیاری کے لیے خصوصی ایفیکٹس کے ماہر مائیک مارینو اور ان کی ٹیم نے کام کیا۔ ہائیڈی کے ہاتھ کا اسکین حاصل کرکے لباس تیار کیا گیا، جس میں رگوں، پٹھوں، انگوٹھیوں اور انگلی پر موجود ٹیٹو تک کی نقل شامل کی گئی۔ہائیڈی کلوم کے مطابق لباس کی تیاری کے دوران ایک بڑا چیلنج یہ بھی تھا کہ اسے پہننے کے بعد ان کے لیے چلنا پھرنا ممکن ہو۔ ٹیم نے اس بات کا خاص خیال رکھا کہ لباس کی غیر معمولی ساخت کے باوجود وہ تقریب میں آسانی سے حرکت کر سکیں۔

ہالووین پارٹی کے 25 سال مکمل

ہائیڈی کلوم کی سالانہ ہالووین پارٹی بھی اس سال اپنی 25ویں سالگرہ منا رہی ہے۔ سپر ماڈل ہر سال اپنے حیران کن ملبوسات کے باعث خبروں اور سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بنتی ہیں۔