ریاض: سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے یمن کے حوثی جنگجوؤں کی جانب سے مملکت کے جنوبی علاقے کی طرف داغا گیا بیلسٹک میزائل کامیابی سے روک کر تباہ کر دیا، جبکہ حکام نے نجران، ابہا اور خمیس مشیط میں خطرے کی صورتحال ختم ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
یمن میں آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کو نشانہ بنانے کے لیے بیلسٹک میزائل داغا گیا تھا، تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے فضا ہی میں تباہ کر دیا۔دوسری جانب سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے نجران صوبے، خمیس مشیط گورنریٹ اور شہر ابہا میں خطرے کی صورتحال ختم ہونے کا اعلان کیا ہے۔ حکام کے مطابق ان علاقوں میں شہریوں کو جاری کیے گئے ہنگامی انتباہات بھی ختم کر دیے گئے ہیں۔
شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت
سعودی حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل جاری رکھیں اور متاثرہ مقامات پر جمع ہونے یا وہاں ویڈیوز بنانے سے گریز کریں۔حکام نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو 998 پر رابطہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری امداد فراہم کی جا سکے۔
میزائل اور ڈرون حملوں کی ویڈیوز شیئر کرنے پر انتباہ
سعودی حکام نے خبردار کیا ہے کہ میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کے واقعات، ان کے اثرات یا متعلقہ مقامات کی ویڈیوز بنانا، معلومات شائع کرنا اور سوشل میڈیا پر شیئر کرنا قانونی کارروائی کا سبب بن سکتا ہے۔