مہندی تقریب کے دوران بھگدڑ، ہلاکتیں دو ہوگئیں

 سیالکوٹ( خصوصی رپورٹ) ڈسکہ روڈ پر مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے ہلاکتوں کی تعداد دو ہوگئی، جبکہ 12 افراد زخمی ہیں۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ مرکزی ملزم عنصر جٹ سمیت 40 سے زائد افراد کے خلاف درج کرکے چھ افراد کو گرفتار کرلیا، جبکہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ روز ڈسکہ روڈ پر واقع کرکٹ اسٹیڈیم میں پیش آیا، جہاں مہندی کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔ تقریب میں شرکت کے لیے دعوت عام دی گئی تھی، جبکہ قرعہ اندازی کے ذریعے انعامات بھی تقسیم کیے جانے تھے۔ اس سلسلے میں سیالکوٹ کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔ تقریب شروع ہونے سے قبل ہی گرا ئونڈ میں بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ واقعے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔