پشاور: رمداس بازار میں کپڑوں کی دکان میں آتشزدگی

پشاور: رمداس بازار میں کپڑوں کی دکان میں آتشزدگی

پشاورمصروف تجارتی مرکز رمداس بازار میں کپڑوں کی ایک دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ملحقہ دکان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

 آتشزدگی کے نتیجے میں دونوں دکانوں کو نقصان پہنچا، تاہم ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق رمداس بازار میں کپڑوں کی دکان میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئیں۔ واقعے کی سنگینی کے پیش نظر ریسکیو 1122 کی دو فائر ویکلز اور ایک ایمبولینس موقع پر پہنچیں۔ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچتے ہی آگ بجھانے کا عمل شروع کردیا۔ فائر فائٹرز نے پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت اقدامات کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا اور مسلسل جدوجہد کے بعد دونوں دکانوں میں لگی آگ پر قابو پالیا۔حکام کے مطابق آگ نے ابتدائی طور پر کپڑوں کی دکان کو اپنی لپیٹ میں لیا، تاہم شدت اختیار کرنے کے باعث شعلے قریبی دکان تک بھی پہنچ گئے، جس سے دونوں دکانوں میں موجود سامان اور عمارت کو نقصان پہنچا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کے بعد متاثرہ مقام پر کولنگ کا عمل جاری ہے تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کے خدشے کو ختم کیا جا سکے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں دونوں دکانوں کو مالی نقصان پہنچا ہے، تاہم جانی نقصان سے متعلق کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ آگ لگنے کی وجوہات اور مالی نقصان کی حتمی تفصیلات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں۔