تل ابیب: اسرائیل میں غیر حتمی انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا، وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے مخالفین نے حکومت کی تبدیلی کے لیے اپوزیشن جماعتوں پر عرب سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرنے کے لیے دباؤ بڑھا دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز تل ابیب اور یروشلم میں سیکڑوں افراد نے احتجاجی مظاہرے کیے، جن میں مظاہرین نے اپوزیشن رہنما اور سابق فوجی سربراہ گادی آئزن کوٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ نیتن یاہو کو اقتدار سے باہر کرنے کے لیے عرب سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیاسی اتحاد قائم کریں۔مظاہرین کا مؤقف تھا کہ نیتن یاہو کی حکومت کے خاتمے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی اور پارلیمان میں موجود عرب جماعتوں کے تعاون سے متبادل حکومت تشکیل دینے کی کوشش کرنی چاہیے۔غیر حتمی انتخابی نتائج کے مطابق اسرائیل کی 120 نشستوں پر مشتمل پارلیمان میں کسی بھی سیاسی بلاک کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہوسکی۔ نیتن یاہو مخالف یہودی جماعتوں نے مجموعی طور پر 48 نشستیں حاصل کیں، جبکہ عرب اکثریتی دو جماعتوں رعام اور جوائنٹ لسٹ نے مجموعی طور پر 19 نشستیں جیتیں۔
انتخابی نتائج کے اس منظرنامے میں عرب جماعتوں کی پارلیمانی نمائندگی حکومت سازی کے لیے اہمیت اختیار کر گئی ہے، کیونکہ کسی بھی سیاسی اتحاد کو حکومت بنانے کے لیے 61 نشستوں کی حمایت درکار ہوتی ہے۔اسرائیلی انتخابی حکام کے مطابق انتخابات کے سرکاری اور حتمی نتائج کا اعلان 4 نومبر کو کیا جائے گا۔ اس کے بعد حکومت سازی کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان مشاورت اور اتحاد کی کوششوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔دوسری جانب وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے عرب جماعتوں کی ریکارڈ 19 نشستوں پر کامیابی کو انتخابی دھاندلی قرار دیا ہے، تاہم اس حوالے سے انہوں نے اپنے الزام کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔
غزہ میں اسرائیلی حملے، 4 فلسطینی شہید، متعدد زخمی
ادھر غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور بمباری کے نتیجے میں مزید چار فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق وسطی غزہ کے المغازی پناہ گزین کیمپ کے مشرقی علاقے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے پانچ فلسطینی شہری زخمی ہوئے۔ متاثرہ افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے باعث شہری آبادی کو مسلسل جانی و مالی نقصان کا سامنا ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں فائرنگ اور بمباری کے واقعات بھی رپورٹ ہو رہے ہیں۔