ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں اور مذاکرات کے مسلسل تیسرے روز عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد برینٹ اور امریکی خام تیل دونوں کی قیمتیں نیچے آگئیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایشیائی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں ایک ڈالر 51 سینٹ کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 111 ڈالر 92 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔ اس طرح برینٹ خام تیل کی قیمت میں مجموعی طور پر 1.33 فیصد کمی ہوئی۔
اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں بھی ایک ڈالر 78 سینٹ کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت 102 ڈالر 34 سینٹ فی بیرل پر آگئی۔ امریکی خام تیل کی قیمت میں 1.71 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی ایک اہم وجہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے جاری سفارتی کوششوں اور مذاکرات سے وابستہ توقعات کو قرار دیا جا رہا ہے۔ سرمایہ کار خطے میں کشیدگی کم ہونے اور تیل کی عالمی سپلائی معمول پر آنے کے امکانات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب ایران اور قطر کے حکام کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے مسلسل تیسرے روز بھی مذاکرات جاری ہیں۔ ان مذاکرات میں خطے کی صورتحال، کشیدگی میں کمی اور جنگ کے خاتمے کے امکانات پر بات چیت کی جا رہی ہے۔
عالمی توانائی مارکیٹ میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، کیونکہ یہ خطہ دنیا میں خام تیل کی پیداوار اور ترسیل کا ایک اہم مرکز ہے۔ خطے میں کشیدگی کے باعث تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کا سبب بنتے ہیں، جبکہ سفارتی پیش رفت اور سپلائی میں بہتری کی امید قیمتوں پر دباؤ کم کر سکتی ہے۔