کسی مسلمان مرد یا عورت کا دوسرے مذہب کی عبادات میں شریک ہونا شرعی طور پر جائز نہیں
ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ سارہ علی خان کے بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں واقع کیدارناتھ مندر کے دورے پر مذہبی تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ بریلی سے تعلق رکھنے والے عالمِ دین مفتی شہاب الدین رضوی بریلوی نے اداکارہ کے مندر جانے، عبادت اور مذہبی رسومات میں شرکت کو شریعت کے مطابق ناجائز اور حرام قرار دیتے ہوئے انہیں اللہ سے توبہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔بھارتی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے آل انڈیا مسلم جماعت کے قومی صدر مفتی شہاب الدین رضوی کا کہنا تھا کہ انہیں سارہ علی خان کے مندر جانے اور وہاں عبادت کرنے سے متعلق متعدد سوالات موصول ہوئے، جس پر انہوں نے اپنا شرعی موقف واضح کیا۔ ان کے مطابق کسی مسلمان مرد یا عورت کا دوسرے مذہب کی عبادات اور مذہبی رسومات میں شریک ہونا شرعی طور پر جائز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سارہ نے اپنی مرضی سے یہ عمل کیا ہے تو انہیں اللہ سے معافی مانگنی چاہیے۔