گوری لنکیش کی موت نے پرکاش کو ہلا کر رکھ دیا تھا:اہلیہ

نظریات پر ثابت قدم رہنے کی وجہ سے پرکاش راج کو پیشہ ورانہ زندگی میں نقصان اٹھانا پڑا، پونی ورما
ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اور ساوتھ کے معروف اداکار پرکاش راج کی اہلیہ پونی ورما کا کہنا ہے کہ اپنے نظریات پر ثابت قدم رہنے کی وجہ سے ان کے شوہر کو پیشہ ورانہ زندگی میں نقصان اٹھانا پڑا اور انہیں فلموں اور اشتہارات کے کئی مواقع سے محروم ہونا پڑا۔ایک حالیہ گفتگو میں ان کی اہلیہ پونی ورما نے بتایا کہ سیاسی معاملات پر کھل کر موقف اختیار کرنے کے باعث پرکاش راج کو کام ملنا بند ہوا۔ بھارتی میڈیا سے گفتگو میں پونی ورما نے کہا 2017 میں ان کے قریبی دوست اور صحافی گوری لنکیش کو فائرنگ سے قتل کیے جانے کے بعد پرکاش راج مکمل طور پر ٹوٹ گئے تھے اور شدید صدمے میں مبتلا ہوگئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گوری لنکیش کی موت نے انہیں ہلا کر رکھ دیا تھا اور انہوں نے خاموش رہنے کے بجائے اہم سوالات اٹھانے کا فیصلہ کیا۔ تاہم پونی ورما نے اعتراف کیا کہ پرکاش راج کی بے باکی اور کھل کر اظہار خیال کرنے کی عادت کی انہیں اکثر پیشہ ورانہ زندگی میں قیمت چکانا پڑی۔