جاپان میں شدید برفباری کے باعث کم از کم 28 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق خراب موسمی صورتحال کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ معطل، سیکڑوں پروازیں منسوخ جبکہ اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اوموری شہر میں برفباری نے 81 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، جہاں مجموعی طور پر 5 فٹ 5 انچ برف پڑی۔مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ کئی روز سے جاری برفباری کے باعث نیگاتا ریجن کے دیہی علاقوں میں بھی 20 سینٹی میٹر سے ایک میٹر تک برف جم چکی ہے۔ شدید موسم کے باعث مختلف علاقوں میں بلیک آؤٹ ہے اور ہزاروں صارفین بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ جاپان کے شمالی اور مغربی ساحلی علاقوں میں گزشتہ کئی دنوں سے شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔