ایران صرف ضمانت کی صورت میں جنگ روکے گا:وزیرخارجہ

 محض جنگ بندی قابل قبول نہیں،ایران پر دوبارہ حملے نہ ہوں اور نقصان کا ازالہ بھی کیا جائے
تہران(آئی این پی )ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران جنگ کے مکمل خاتمے کے لئے  واضح ضمانت کا خواہاں ہے، محض جنگ بندی قابل قبول نہیں، امریکا کے ساتھ محدود نوعیت کا رابطہ موجود ہے تاہم کوئی باضابطہ مذاکرات نہیں ہو رہے، جب کہ واشنگٹن کی جانب سے پیش کردہ 15 نکاتی تجاویز پر ایران نے تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے الجزیرہ کو دئیے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطی کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے ساتھ براہ راست پیغامات کا تبادلہ کر رہے ہیں، جو حالیہ کشیدگی کے دوران ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔تاہم عباس عراقچی نے واضح کیا کہ اس رابطے کے باوجود کسی قسم کے باضابطہ مذاکرات نہیں ہو رہے، البتہ انہوں نے اعتراف کیا کہ کچھ سیکیورٹی سے متعلق بات چیت پاکستان کے ذریعے جاری ہے۔