بجلی چوری سے روکنے پر مسلح افراد کا حملہ، خاتون زخمی

کاہنہ میں ملزمان کا گھر پر دھاوا، نقدی لوٹ لی،، تین مرکزی ملزمان گرفتار
لاہور (کرائم رپورٹر) بجلی چوری سے منع کرنے پر مسلح افراد نے گھر پر دھاوا بول دیا، فائرنگ اور تشدد کے دوران خاتون زخمی جبکہ نقدی لوٹ لی گئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ کاہنہ کے علاقے میں پیش آیا جہاں فریقِ اول نے ملزمان کو گھر کی چھت سے بجلی چوری کرنے سے روکا جس پر وہ مشتعل ہو گئے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق ملزمان زبردستی گھر میں داخل ہوئے، فائرنگ کی اور توڑ پھوڑ کرتے رہے۔ حملے کے دوران رخسانہ نامی خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے اس کا بازو ٹوٹ گیا جبکہ ملزمان 90 ہزار روپے نقدی لے کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمان برکت، قربان اور احسان کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔