اسرائیل نے امداد لے کر غزہ جانیوالے175 کارکنوں کو حراست میں لے لیا

غزہ (آئی این پی )اسرائیلی وزارت خارجہ نے جمعرات کو کہا ہے کہ اسرائیلی افواج نے غزہ کی جانب جانے والے امدادی قافلے کے 20 جہازوں پر سوار تقریبا 175 کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق اسرائیلی وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ  20 سے زائد کشتیوں پر سوار تقریبا 175 کارکن اب پرامن طور پر اسرائیل کی طرف جا رہے ہیں۔فلسطین نواز کارکنوں پر مشتمل اس قافلے کے منتظمین اسرائیل کی جانب سے غزہ پر عائد محاصرے کو توڑنا اور وہاں امداد پہنچانا چاہتے تھے۔ اس سے قبل انھوں نے بتایا تھا کہ اسرائیلی فوج نے ان کے بحری قافلے کو بین الاقوامی پانیوں میں یونان کے قریب روک لیا ہے۔اسرائیل مسلسل اس بات کی تردید کرتا ہے کہ وہ غزہ کا محاصرہ کیے ہوئے ہے اور کہتا ہے کہ وہ انسانی امداد داخل ہونے کی اجازت دیتا ہے۔تاحال کارکنوں کی جانب سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔