اسلام آباد: چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 1 نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار 400 دن تک بلا تعطل آپریشن کا ریکارڈ قائم کیا۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے اعلامیے کے مطابق، یہ کامیابی کمیشن کے سائنسدانوں، انجینئروں، اور ٹیکنیشنز کی محنت کا نتیجہ ہے۔اس سے قبل، چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 2 اور یونٹ 4 نے 365 دن تک مسلسل آپریشن کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چھ جوہری پاور پلانٹس مجموعی طور پر 3530 میگاواٹ بجلی پیدا کرتے ہیں، جس سے ملک میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملتی ہے۔ کمیشن کی جانب سے جدید توانائی کے ذرائع کے ذریعے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کی کوششیں جاری ہیں۔