ممکنہ سیلاب،فوج اور ریسکیو کیلئے 10 کروڑ کا سامان فراہم

 سامان میں 29 او بی ایم بوٹس، 400 لائف جیکٹس، 200 لائف رنگز بھی شامل 
لاہور(کرائم رپورٹر)سیلاب کی ممکنہ صورت حال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے پنجاب کی طرف سے فوج اور ریسکیو 1122 کے لئے 10 کروڑ روپے کے سامان کی فراہمی کر دی گئی ۔ سامان کی تقسیم کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سامان میں 29 او بی ایم بوٹس، 30 فائبر گلاس بوٹس ، 400 لائف جیکٹس ،200 لائف رنگز، 10 ٹینٹس ، 18 سرچ اینڈ ریسکیو کٹس اور دیگر سامان شامل ہے۔ تقریب سے خطاب کے دوران ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا ریسکیو اداروں کو فلڈ فائٹنگ سے متعلق ضروری سامان اور معاونت فراہم کی جارہی ہے۔ چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹرمینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے قرار دیا کہ سانحہ سوات، امدادی کارروائیوں میں پروفیشنل اور پرو ایکٹو اپروچ کو اپنانے کی ضرورت واضح کر رہا ہے۔ پاک فوج نے کسی بھی ہنگامی صورت حال میں اپنے فرائض بہترین طریقے سے انجام دئیے ۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے خطاب کرتے ہوئے ادارے کی طرف سے کی جانے والی امدادی کارروائیوں پر روشنی ڈالی۔