مہنگائی:رکشہ یونین کا احتجاج۔

ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا ، پریشان شہری رکشہ یونین اور ٹریفک پولیس کو کوستے رہے
لاہور(خصوصی رپورٹ)عوامی رکشہ یونین کی جانب سے مہنگائی اور ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ کے خلاف چونگی امرسدھو سے اچھرہ بازار تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا ، ٹریفک جام میں پھنسے شہری عوامی رکشہ یونین اور ٹریفک پولیس کو کوستے رہے۔تفصیل کے مطابق عوامی رکشہ یونین کے چیئرمین مجید غوری کی قیادت میں رکشہ ڈرائیو روں نے مہنگائی اورایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ کے خلاف چونگی امر سدھو سے احتجاجی ریلی نکالی جس میں سینکڑوں رکشہ ڈرائیورز نے شرکت کی۔ ریلی اچھرہ بازار پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی جس کی وجہ سے مختلف فیروز پو روڈ سمیت دیگر شاہراہوں پر بھی ٹریفک کا شدید دباؤ رہا۔ گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے شہری عوامی رکشہ یونین اور ٹریفک پولیس کو کوستے رہے۔