سرائے عالمگیر کے علاقے پنڈ عزیز میں گیس سلنڈر لیکج کے باعث گھر کے کچن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 3 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں سے دو افراد کا جسم 50 فیصد سے زائد جھلس گیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق واقعہ تھانہ بولانی کی حدود میں پیش آیا، جہاں 24 سالہ زاہین کچن میں دودھ گرم کر رہی تھیں کہ گیس لیکج کے باعث اچانک آگ لگ گئی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے کچن کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ریسکیو حکام کے مطابق آگ سے بچانے اور متاثرہ خاتون کی مدد کرنے کی کوشش کے دوران 35 سالہ تصور اور 35 سالہ صائمہ بھی جھلس کر زخمی ہوگئیں۔
حادثے میں 24 سالہ زاہین زبیر اور 35 سالہ تصور کا جسم 50 فیصد سے زائد جھلس گیا، جبکہ صائمہ کے پاؤں پر جھلسنے کے زخم آئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعد ازاں تینوں زخمیوں کو مزید علاج کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کھاریاں منتقل کر دیا گیا۔