شیخوپورہ کے علاقے فاروق آباد میں قرض کی ادائیگی میں تاخیر کے معاملے پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں مبینہ طور پر بیوی اور کمسن بچی کے اغواء سے دلبرداشتہ محنت کش نے زہریلی گولی کھا کر خودکشی کر لی۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ متوفی کی والدہ کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ متوفی نے ایک نجی ادارے سے قرض حاصل کیا تھا، تاہم قرض کی ادائیگی میں تاخیر کے باعث مبینہ طور پر اس کی بیوی اور بچی کو اغواء کر لیا گیا۔مقدمے کے متن کے مطابق محنت کش نے اپنی بیوی اور بچی کی رہائی کے لیے مبینہ طور پر منت سماجت کی، لیکن اس کی درخواستوں کے باوجود دونوں کو رہا نہیں کیا گیا۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس صورتحال سے شدید دلبرداشتہ ہو کر محنت کش نے زہریلی گولی کھا لی، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔متوفی کی والدہ کی مدعیت میں درج مقدمے میں پانچ افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ ملزمان کے خلاف تشدد، بیوی اور بچی کے اغواء اور محنت کش کی موت کا سبب بننے سے متعلق دفعات شامل کی گئی ہیں۔