پنجاب کے ضلع مریدکے میں گھریلو تشدد کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں مبینہ طور پر نشے کے عادی شوہر نے اپنے بچوں کے سامنے تیز دھار آلے سے بیوی کا گلا کاٹ دیا، جس کے نتیجے میں خاتون شدید زخمی ہوگئی۔
پولیس نے واقعے کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ مریدکے کے علاقے 34 چک میں پیش آیا، جہاں ملزم صابر نے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ روبینہ پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم آئس کے نشے کا عادی ہے اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔واقعے کی عینی شاہد متاثرہ خاتون کی بیٹی علیزہ نے بتایا کہ اس کے والد نے اس کی آنکھوں کے سامنے والدہ پر حملہ کیا۔ علیزہ کے مطابق اس نے والد کو روکنے کی کوشش کی تو ملزم چھری لے کر اس کے پیچھے بھی دوڑ پڑا۔علیزہ نے بتایا کہ اس نے اپنے دونوں چھوٹے بھائیوں کے ہمراہ وہاں سے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔ واقعے کے باعث بچے شدید خوف و ہراس کا شکار ہوگئے۔دوسری جانب ریسکیو 1122 نے اطلاع ملنے پر زخمی خاتون کو فوری طبی امداد فراہم کی اور تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال سے لاہور منتقل کر دیا۔