امریکا نے یوکرین کو روسی فضائی حملوں سے دفاع کے لیے 500 جدید پیٹریاٹ میزائل فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس دفاعی معاہدے کے تحت یوکرین کو پی اے سی تھری (PAC-3) انٹرسیپٹر میزائل فراہم کیے جائیں گے، جن کی مجموعی مالیت 2.1 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق میزائلوں کی خریداری کے اخراجات یوکرین خود برداشت نہیں کرے گا بلکہ یورپ اور کینیڈا میں موجود اس کے اتحادی اس معاہدے کی مکمل ادائیگی کریں گے۔ اس طرح یوکرین کو روسی فضائی حملوں کے مقابلے کے لیے اپنے فضائی دفاعی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادومیر زیلنسکی نے میزائلوں کی فراہمی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میزائلوں کی ترسیل میں کئی سال لگ سکتے ہیں، جبکہ یوکرین کو روسی حملوں سے دفاع کے لیے ان ہتھیاروں کی فوری ضرورت ہے۔صدر زیلنسکی نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹریاٹ میزائل جلد از جلد یوکرین پہنچائے جائیں تاکہ ملک کے فضائی دفاع کو مؤثر بنایا جا سکے اور روسی میزائل و فضائی حملوں سے اہم تنصیبات اور شہری علاقوں کا تحفظ ممکن ہو۔