کسی کے خاندانی پس منظر کو بنیاد بنا کر اس کی تمام تر کوششوں کو نظرانداز کردینا مناسب نہیں
ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ سارہ علی خان کا کہنا ہے کہ اقربا پروری پر مسلسل بحث کی وجہ سے بعض اوقات فنکاروں کی اپنی کوششیں نظرانداز ہوجاتی ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ اتنی ناسمجھ نہیں کہ اپنے خاندانی پس منظر کے فائدے کو تسلیم نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلق نے ان کے لیے دروازے کھولے، انہیں فلمی دنیا تک رسائی دی اور پہچان و شہرت حاصل کرنے میں مدد دی۔ تاہم ان کے خیال میں اقربا پروری کو محض ایک منفی لفظ بنا دینے سے فنکاروں کی محنت پس منظر میں چلی جاتی ہے۔سارہ علی خان نے کہا کہ انہوں نے، جھانوی کپور اور اننیا پانڈے سمیت کسی بھی اداکارہ نے یہ فیصلہ خود نہیں کیا تھا کہ وہ کس گھرانے میں پیدا ہوں گی۔ ان کے مطابق کسی کے خاندانی پس منظر کو بنیاد بنا کر اس کی تمام تر کوششوں کو نظرانداز کردینا مناسب نہیں۔اداکارہ نے اپنے حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی والدہ کے ساتھ رہتی ہیں اور ان کے لیے فلمی دفاتر میں جاکر معاہدے طے کروانے یا لوگوں سے کردار دینے کی درخواستیں کرنے والا کوئی والد موجود نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلمی خاندان سے تعلق رکھنے کے باوجود ان کے پاس کوئی ایسا گاڈ فادر نہیں تھا جو ان کے لیے فلمیں حاصل کرنے کی خاطر سفارشیں کرتا۔