یو یو ہنی سنگھ پاکستانی ریپر غنی ٹائیگر کے مداح، تعریفوں کے پل باندھ دیے

لندن (شوبز ڈیسک)بھارت کے معروف گلوکار یو یو ہنی سنگھ نے پاکستانی ریپر غنی ٹائیگر کی فری اسٹائل ریپنگ کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔ہنی سنگھ اور غنی ٹائیگر کی لندن میں ہونے والی ملاقات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ان وائرل ویڈیوز میں ہنی سنگھ کو غنی ٹائیگر سے ملاقات کرتے اور انہیں اچانک فری اسٹائل ریپنگ کرنے کا چیلنج دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔بھارتی گلوکار نے پاکستانی ریپرکو پہلا لفظ شہزادہ دے کر اس پر ریپنگ کرنے کو کہا، جس پر غنی ٹائیگر نے فوری طور پر پنجابی زبان میں فری اسٹائل ریپنگ کرنا شروع کر دی۔اس کے بعد ہنی سنگھ نے انہیں دوسرا چیلنج دیتے ہوئے لاہور دی ہوا کے موضوع پر ریپنگ کرنے کو کہا جس پر پاکستانی ریپر نے لاہور کی تعریف میں برجستہ اشعار پیش کیے۔غنی ٹائیگر کی شاندار پرفارمنس سن کر بھارتی گلوکار بے ساختہ بول اٹھے، واہ، بہت اچھے، بہت اچھے بھائی!ہنی سنگھ نے پاکستانی ریپر کو اپنے خصوصی انداز میں سراہتے ہوئے یہ بھی کہا کہ غنی ٹائیگر کے لیے شاوٹ آوٹ، یہ زبردست ٹیلنٹ ہے۔واضح رہے کہ پاکستانی ریپر غنی ٹائیگر، جن کا اصل نام حمزہ غنی ہے، پنجابی اور اردو میں برجستہ فری اسٹائل ریپنگ کرنے کی صلاحیت کی وجہ سے مشہور ہیں۔