سمارٹ فون کی لت کم کرنے والا کیس تیار

لاہور(نیٹ نیوز )ایک نیورو سائنس سے متعلق کمپنی نے ایسا اسمارٹ فون کیس بنایا ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ زیادہ تر موبائل صارفین کا اسکرین ٹائم تقریباً نصف تک محدود کر دے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مذکورہ کمپنی نے 6 پاو?نڈ یعنی 2.7 کلو گرام کا اسمارٹ فون کیس بنایا ہے جو اتنا بھاری اور استعمال میں بوجھل ہے کہ اسے استعمال کرنے والے زیادہ تر افراد موبائل کا استعمال کم کر دیں گے۔اسمارٹ فون کیسز عام طور پر ڈیزائن کے لحاظ سے ہلکے اور ہموار ہوتے ہیں، لیکن مذکورہ کمپنی نے بالکل مختلف راستہ اختیار کرتے ہوئے سب سے بھاری اور سب سے بڑا فون کیس بنالیا  ہے۔اس کمپنی کی اس حرکت کا مقصد یہ ہے کہ موبائل فون کے استعمال کو زیادہ سے زیادہ مشکل اور غیر آرام دہ بنایا جائے۔اسٹین لیس اسٹیل کا یہ فون کیس حیران کن طور پر 2.7 کلو گرام وزنی ہے، جو کہ 16 انچ کے میک بک پرو لیپ ٹاپ سے بھی زیادہ بھاری ہے اور یہ دو الگ الگ حصوں پر مشتمل ہے جنہیں فون کے گرد اسکرو کے ذریعے جوڑا جاتا ہے۔1980ء  کی دہائی کے مشہور بلیک ڈائمنڈ فون سے متاثر ہو کر اسٹین لیس اسٹیل کا یہ اسمارٹ فون کیس کسی کی جیب میں فٹ نہیں ہوتا اور جتنا زیادہ لوگ اپنا فون چیک کرتے ہیں، اسے استعمال کرنا اتنا ہی مشکل ہوتا جاتا ہے، یہ جسمانی تھکاوٹ ہی صارف کو قدرتی طور پر فون کو نیچے رکھنے پر مجبور کر دے گی، یہ اور بات ہے کہ اگر کسی کو جم جانے کا شوق ہے تو وہ اسے ڈمبل کے طور پر استعمال کر سکتا ہے۔