لاہور میں ماڈل ٹاؤن پولیس نے 13 سالہ گھریلو ملازمہ سے مبینہ زیادتی کی کوشش اور اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں ملزم مراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق متاثرہ بچی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع گھر میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرتی تھی۔ الزام ہے کہ گھر کے مالکان کی غیر موجودگی میں ملزم مراد نے بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کی کوشش کی۔پولیس حکام کے مطابق بچی کے شور مچانے پر ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔ واقعے کے بعد ملزم مبینہ طور پر بچی کو دھمکیاں بھی دیتا رہا کہ اگر اس نے کسی کو اس بارے میں بتایا تو اسے جان سے مار دیا جائے گا۔پولیس نے ملزم مراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق کیس مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔