رونالڈو کی 67ویں ہیٹ ٹرک، 1000 گولز کا سنگِ میل مزید قریب آگیا

رونالڈو کی 67ویں ہیٹ ٹرک، 1000 گولز کا سنگِ میل مزید قریب آگیا

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک مرتبہ پھر اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر کے 1000 گولز کے تاریخی سنگ میل کی جانب اہم پیش رفت کرلی۔

 سعودی پرو لیگ میں النصر کی نمائندگی کرتے ہوئے 41 سالہ اسٹار فٹبالر نے الخلود کے خلاف صرف 15 منٹ کے دوران شاندار ہیٹ ٹرک اسکور کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔تفصیلات کے مطابق سعودی پرو لیگ کے مقابلے میں النصر اور الخلود کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں، جہاں دونوں جانب سے دلچسپ اور سنسنی خیز کھیل دیکھنے میں آیا۔ میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے دو، دو گول اسکور کیے اور مقابلہ 2-2 سے برابر رہا۔تاہم دوسرے ہاف میں کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی تجربہ کار اور جارحانہ کھیل کی بدولت میچ کا نقشہ ہی بدل دیا۔ انہوں نے 66ویں، 72ویں اور 81ویں منٹ میں لگاتار تین گول اسکور کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور النصر کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس طرح النصر نے الخلود کو 3 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی۔اس شاندار کارکردگی کے بعد رونالڈو کے مجموعی کیریئر گولز کی تعداد 985 ہوگئی ہے، جس کے بعد وہ فٹبال کی تاریخ میں 1000 گولز مکمل کرنے کے لیے صرف 15 گول کی دوری پر رہ گئے ہیں۔رونالڈو کی یہ النصر کی جانب سے ساتویں ہیٹ ٹرک تھی، جبکہ کلب اور پرتگال کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے وہ اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 67 ہیٹ ٹرکس مکمل کرچکے ہیں۔

میسی سے گولز کی دوڑ میں بھی رونالڈو آگے

کیریئر میں 985 گولز کے ساتھ کرسٹیانو رونالڈو فٹبال کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں، جبکہ ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی 936 گولز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔دونوں اسٹار کھلاڑیوں کے درمیان کئی برسوں سے جاری گولز کی دوڑ آج بھی فٹبال شائقین کی توجہ کا مرکز ہے۔

1000 گولز کا تاریخی ہدف

کرسٹیانو رونالڈو طویل عرصے سے اپنے کیریئر میں 1000 گولز مکمل کرنے کے ہدف کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ 985 گولز کے ساتھ وہ اس تاریخی اعزاز سے محض 15 گول دور ہیں۔اگر رونالڈو یہ سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب ہوگئے تو وہ فٹبال کی تاریخ کے ان چند غیر معمولی کھلاڑیوں میں شامل ہوجائیں گے جنہوں نے اپنے کیریئر میں گولز کا یہ ناقابلِ یقین ہندسہ عبور کیا ہو۔