پشاور میں شادی کی تقریب میں جانے والی بس کو حادثہ، 2 بچے جاں بحق، خواتین سمیت متعدد زخمی

پشاور میں شادی کی تقریب میں جانے والی بس کو حادثہ، 2 بچے جاں بحق، خواتین سمیت متعدد زخمی

پشاور کے علاقے سیفن بڈھ بیر میں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جانے والی بس اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے، جبکہ حادثے میں دو بچے جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی پشاور کے کنٹرول روم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار ایمبولینسز اور میڈیکل ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کر دیں۔ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔ امدادی ٹیموں کے مطابق مجموعی طور پر 15 زخمیوں کو جائے وقوعہ پر ابتدائی طبی امداد دی گئی، جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 8 زخمیوں کو مزید علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق اسپتال منتقل کیے جانے والے زخمیوں میں شامل دو بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ڈاکٹروں نے کر دی ہے۔ حادثے کے باعث متاثرہ خاندان میں غم کی فضا پھیل گئی۔