لاہور(کرائم رپورٹر)شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے 15 پر موصول ہونے والی کال پر فوری کارروائی کرتے ہوئے لاپتہ 9 سالہ بچے افنان کو بحفاظت تلاش کرکے والدین کے گھر پہنچا دیا پولیس کے مطابق بچہ رات کے وقت طوفانی موسم میں گھر سے باہر نکلا اور اچانک لاپتہ ہوگیا، جس پر پریشان والدین نے فوری طور پر 15 پر مدد کے لیے کال کی۔اطلاع ملتے ہی شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے فوری ریسپانس دیتے ہوئے بچے کی تلاش شروع کی اور تمام دستیاب وسائل، بشمول سیف سٹی کیمروں، کو بروئے کار لایا گیا۔ مسلسل کوششوں کے بعد پولیس نے صرف آدھے گھنٹے میں بچے کو تلاش کرکے بحفاظت ورثاء کے حوالے کر دیااپنے لختِ جگر کے بحفاظت ملنے پر والدین نے شاہدرہ ٹاؤن پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ایس پی سٹی عاطف امیر نے کامیاب کارروائی پر شاہدرہ ٹاؤن پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔لاہور کے علاقے شاد باغ میں 13 سالہ احسن، جو گھر سے سودا سلف لینے نکلا تھا، اچانک لاپتہ ہوگیا۔ ورثاء کی جانب سے تلاش کے باوجود سراغ نہ ملنے پر تھانہ شاد باغ میں اغواء کا مقدمہ درج کرایا گیا۔ایس پی سٹی عاطف امیر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ شاد باغ پولیس نے سیف سٹی کیمروں، جدید ٹیکنالوجی، مساجد میں اعلانات اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے بچے کو بحفاظت تلاش کرلیالخت جگر کے محفوظ ملنے پر اہل خانہ نے شاد باغ پولیس کا شکریہ ادا کیا اور دعائیں دیں۔ایس پی سٹی عاطف امیر نے بچے کی بازیابی پر ایس ایچ او شاد باغ زاہد حسین اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔