اسلام آباد( خصوصی رپورٹ) وزارتِ پیٹرولیم نے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں کا فارمولا پیٹرولیم مصنوعات کی طرز پر طے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت نئی پالیسی پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئی پالیسی امپورٹ پیریٹی پرائس پر مبنی ہوگی، جس کے تحت ایل پی جی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کو محدود کرنے میں مدد ملے گی۔ پالیسی کی منظوری اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اور وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔ نئے فارمولے کے ذریعے مصنوعی قلت، من مانی قیمتوں اور قیمتوں میں بے قاعدگیوں کی روک تھام کے ساتھ ماہانہ نرخ طے کرنے کا طریقہ کار وضع کیا جا سکے گا۔ امپورٹ پیریٹی پرائس کے تحت سمندری حادثات کی انشورنس کے اخراجات بھی قیمتوں میں شامل ہوں گے۔ واضح رہے کہ اکتوبر کے لیے ایل پی جی کی سرکاری فی کلو قیمت 279 روپے 34 پیسے مقرر ہے، تاہم ملک کے مختلف شہروں میں یہ 600 سے 650 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ در آمدی ایل پی جی کی سپلائی کے بعد لاہور میں قیمت میں فی کلو 50 روپے تک کمی ہوئی ہے، جس کے بعد شہر میں ایل پی جی 550 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔