تحقیقات جاری، ڈیجیٹل شواہد کے تجزیے کیلئے این سی سی آئی اے کو مراسلہ ارسال
لاہور (کرائم رپورٹر) سوشل میڈیا پر کم عمر بچوں کی نازیبا ویڈیوز بنانے اور انٹرنیٹ پر وائرل کرنے کے معاملے میں گڑھی شاہو پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، جبکہ ویڈیوز وائرل ہونے کے پیچھے دیگر عناصر کے ملوث ہونے کے شبہے پر بھی تفتیش جاری ہے۔ ڈیجیٹل شواہد کے تجزیے اور مزید ملزمان کی نشاندہی کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ سوشل میڈیا چیلنجز کی آڑ میں بچوں کو غیر اخلاقی سرگرمیوں اور جرائم پر اکسانے کا رجحان انتہائی تشویشناک ہے۔ بچوں کو جرائم پر اکسانے والے اصل کرداروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور کسی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری رہنمائی فراہم کریں۔