26 ویں اور 27 ویں آئینی ترامیم پر تحفظات کا اظہار‘تبدیلوں نے عدالتوں کی آزادی کومتاثر کیا
عدالتی معاملات میں انتظامیہ کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر بھی تشویش ہے:استعفے میں وجوہات
لاہور(آئی این پی )لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے استعفی دے دیا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ذاتی وجوہات اور حالیہ سرجری کے بعد صحت سے متعلق خدشات کو استعفے کی وجوہات قرار دیا ہے۔صدر پاکستان کو لکھے گئے استعفے میں انہوں نے کہا کہ وہ اسلام آباد ہائیکورٹ اور لاہور ہائیکورٹ میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور اپنے دور میں مختلف نوعیت کے 23 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے کیے۔جسٹس محسن اختر کیانی نے 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترامیم پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان تبدیلیوں نے ہائیکورٹس کی آزادی اور ادارہ جاتی خودمختاری کو متاثر کیا ہے۔انہوں نے عدالتی معاملات میں انتظامیہ کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ اس سے عدلیہ کی آزادی اور انصاف کے عمل پر عوامی اعتماد متاثر ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ عہدہ چھوڑنے کے بعد وکالت کے ذریعے عوام کے حقوق کے تحفظ اور قانونی آگاہی کے فروغ کے لیے کام جاری رکھیں گے