سعودی عرب کے پہلے قانون دان ڈاکٹر مطلب النفیسہ انتقال کر گئے۔
ایوانِ شاہی کے مطابق ڈاکٹر مطلب النفیسہ کی نمازِ جنازہ جمعے کو بعد نمازِ عصر دارالحکومت ریاض کی شاہ خالد مسجد میں ادا کی گئی۔ڈاکٹر مطلب کو سعودی کابینہ میں قانونی مشیر مقرر کیا گیا تھا اور انہوں نے کئی سرکاری عہدوں پر بھی کام کیا، جن میں وزیرِ مملکت اور کابینہ کے رکن شامل تھے۔ڈاکٹر مطلب النفیسہ 1937ء میں القصیم صوبے میں پیدا ہوئے اور 1962ء میں قاہرہ یونیورسٹی سے قانون میں گریجویشن مکمل کی۔ بعد ازاں انہیں اسکالرشپ پر امریکا بھیجا گیا، جہاں انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی سے قانون میں ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔عرب میڈیا کے مطابق، وہ 1971ء سے 1975ء تک امریکا میں زیرِ تعلیم رہے۔ ڈاکٹر مطلب النفیسہ کی قانونی خدمات اور عہدوں کی فہرست سعودی عرب کی تاریخ میں ایک اہم مقام رکھتی ہے۔